اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، بحرینی مصنفہ زینب علی نے ایک تجزیے میں ملک کے محلوں اور دیہات میں مقامی نمائندگی کے سرکاری نظام کی دوبارہ بحالی کا جائزہ لیتے ہوئے اس کے بڑھتے ہوئے انتظامی اور نگرانی کے کردار پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
ان کے مطابق مقامی نمائندگی کا یہ نظام بظاہر شہریوں اور سرکاری اداروں کے درمیان رابطے کا ذریعہ قرار دیا جارہا ہے، تاہم موجودہ ڈھانچے میں مقامی نمائندے کا تقرر وزارتِ داخلہ سے وابستہ حکام کریں گے، جبکہ اس کی منظوری اور تقرری کا اختیار وزیرِ داخلہ کے پاس ہوگا۔ وزیرِ داخلہ کو اس نمائندے کو عہدے سے ہٹانے کا اختیار بھی حاصل ہوگا۔
زینب علی کے مطابق اس طریقۂ کار سے مقامی نمائندگی کا ادارہ صرف شہریوں کی درخواستیں اور مسائل متعلقہ حکام تک پہنچانے تک محدود نہیں رہے گا بلکہ اس کے ذریعے محلوں کی صورت حال، شہریوں کے مسائل، بااثر افراد، سماجی تعلقات اور مقامی سرگرمیوں سے متعلق وسیع معلومات بھی سرکاری اداروں تک پہنچ سکتی ہیں۔
انہوں نے خاص طور پر کم آمدنی والے اور ضرورت مند خاندانوں کے حوالے سے اس معاملے کو حساس قرار دیا ہے۔
ان کے مطابق ایسے خاندان سرکاری سہولیات اور مالی معاونت حاصل کرنے کے لیے اپنی معاشی اور خاندانی صورت حال سے متعلق زیادہ معلومات فراہم کرنے پر مجبور ہوتے ہیں، جس سے سرکاری اداروں کو شہریوں کی نجی زندگی اور خاندانی حالات کے بارے میں مزید تفصیلات تک رسائی حاصل ہوسکتی ہے۔
بحرینی مصنفہ نے مقامی فلاحی اداروں اور امدادی فنڈز کے کردار کی جانب بھی توجہ دلائی ہے۔ ان کے مطابق بالخصوص شیعہ اکثریتی علاقوں میں مقامی فلاحی ادارے اور امدادی فنڈز طویل عرصے سے ضرورت مند خاندانوں کی مدد میں اہم کردار ادا کرتے رہے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ ایسے اداروں کی سرگرمیوں پر نگرانی کا معاملہ صرف انتظامی امور تک محدود نہیں رہتا بلکہ اس کے نتیجے میں ان کے مالی وسائل، معاونین، سماجی روابط اور امداد حاصل کرنے والے خاندانوں کی ضروریات سے متعلق معلومات بھی سرکاری نگرانی میں آسکتی ہیں۔
زینب علی کے تجزیے کے مطابق اصل سوال اس ادارے کے نام یا ظاہری مقصد کا نہیں بلکہ اس کے اختیارات، معلومات جمع کرنے کے طریقۂ کار اور وزارتِ داخلہ کی نگرانی کے دائرہ کار کا ہے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ اگر شہریوں کی نجی معلومات کے تحفظ اور سرکاری نمائندوں کے اختیارات کے حوالے سے واضح قانونی ضمانتیں موجود نہ ہوں تو یہ نظام عوام اور حکومت کے درمیان رابطے کے بجائے محلوں میں ریاستی نگرانی کا ذریعہ بن سکتا ہے۔
بحرینی مصنفہ کے مطابق ایسی صورت حال میں شہریوں کے اندر یہ احساس پیدا ہوسکتا ہے کہ ان کی سماجی سرگرمیوں، تعلقات اور روزمرہ معاملات پر نظر رکھی جارہی ہے، جس سے حکومت اور عوام کے درمیان اعتماد مزید متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ مقامی نمائندگی کا بنیادی مقصد شہریوں کے مسائل حکومت تک پہنچانا اور عوامی خدمات کو بہتر بنانا ہونا چاہیے، نہ کہ محلوں اور دیہات میں شہریوں کی سرگرمیوں اور سماجی روابط کی نگرانی کے لیے ایک نیا انتظامی ڈھانچہ تشکیل دینا۔
آپ کا تبصرہ